وزیراعظم شہباز شریف نے پمز اسپتال کی بہتری کے لیے مرتب کیے گئے لائحہ عمل پر 3 ماہ میں ضروری اقدامات مکمل کرنے کی ہدایت کردی۔
پمز اسپتال کی بہتری سے متعلق اجلاس میں اسپتال کی تحقیقاتی رپورٹ اور پرفارمنس آڈٹ کا جائزہ لیا گیا۔ وزیراعظم نے ہدایت کی کہ پمز میں فائر سیفٹی کے لیے پی کے ایل آئی سے معاونت حاصل کی جائے جبکہ عالمی ادارۂ صحت (WHO) کی رپورٹ میں دی گئی سفارشات پر بھی عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔
وزیراعظم نے اسپتال میں مریضوں کو ادویات کی مفت فراہمی کے اقدامات لائحہ عمل میں شامل کرنے اور اچھی شہرت رکھنے والی افرادی قوت تعینات کرنے کی ہدایت کی۔
انہوں نے پولی کلینک اسپتال کا آڈٹ کرکے بے ضابطگیاں دور کرنے پر بھی زور دیا۔ شہباز شریف نے سرکاری و نجی اسپتالوں، دفاتر اور دیگر عمارتوں میں فائر سیفٹی آڈٹ یقینی بنانے کی ہدایت بھی کی۔






