کراچی: حج اور عمرہ کے لیے بیرونِ ملک سفر کرنے والے پاکستانی مسافروں کے لیے نادرا سے منسلک ڈیجیٹل ویکسینیشن سرٹیفکیٹ لازمی قرار دے دیا گیا ہے، جس کا اطلاق 14 ستمبر 2026 سے ہوگا۔
وفاقی وزارتِ صحت کی ہدایات کے مطابق حج و عمرہ زائرین کو پولیو، گردن توڑ بخار، زرد بخار اور انفلوئنزا سمیت مطلوبہ ویکسینز کا نادرا سے مربوط ڈیجیٹل ثبوت ساتھ رکھنا ہوگا۔ دیگر ویکسینیشن کارڈز سفر کے لیے قابلِ قبول نہیں ہوں گے۔
حکام کے مطابق بین الاقوامی مسافروں، خصوصاً حج اور عمرہ زائرین کی ویکسینیشن کے لیے وفاقی حکومت ڈسپنسری کو مجاز مرکز مقرر کیا گیا ہے۔ ایئرپورٹ پر بھی ویکسینیشن اور آن لائن اندراج کی سہولت جلد دستیاب ہونے کی توقع ہے۔
ایئرپورٹ ہیلتھ آفیسر کے نوٹیفکیشن میں مسافروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ اگر وہ ایئرپورٹ پر ویکسین لگوانا چاہتے ہیں تو پرواز سے چھ گھنٹے قبل پہنچیں۔ ویکسینیشن کی فیس نادرا کے ای سہولت پلیٹ فارم کے ذریعے جمع کرائی جائے گی۔






