اسلام آباد (افضل شاہ یوسفزئی):- پاکستان انسٹیٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (پمز) کے نرسنگ اسٹاف نے ڈپٹی چیف نرسنگ سپرنٹنڈنٹ شازیہ کوثر کے خلاف اجتماعی شکایت جمع کراتے ہوئے مبینہ غیر مناسب رویے اور انتظامی جانبداری کے سنگین الزامات عائد کیے ہیں۔ نرسنگ اسٹاف کی جانب سے جمع کرائی گئی شکایت میں الزام عائد کیا گیا ہے کہ ڈپٹی چیف نرسنگ سپرنٹنڈنٹ سرکاری امور میں عملے اور ہیڈ نرسز کے ساتھ سخت اور غیر مناسب زبان استعمال کرتی ہیں اور سرکاری معاملاتی امور کو ذاتی نوعیت دے کر غیر منصفانہ سلوک روا رکھتی ہیں۔ نرسنگ اسٹاف کا کہنا ہے کہ اس مبینہ رویے اور انتظامی بدنظمی سے عملے کا مورال اور کارکردگی شدید متاثر ہو رہی ہے۔ اسٹاف نے مطالبہ کیا ہے کہ معاملے کی منصفانہ اور غیر جانبدارانہ انکوائری کی جائے، پمز میں پیشہ ورانہ اور باعزت ماحول یقینی بنایا جائے اور شکایت کنندگان کو کسی بھی ممکنہ انتقامی کارروائی سے تحفظ فراہم کیا جائے۔ نرسنگ اسٹاف کے مطابق اس سلسلے میں ایگزیکٹو ڈائریکٹر (ای ڈی) پمز کو متعدد بار تحریری و شفاہی طور پر آگاہ کیا گیا، تاہم بارہا کی جانے والی شکایات کے باوجود تاحال کوئی عملی کارروائی یا نتیجہ سامنے نہیں آ سکا۔ ای ڈی پمز کی جانب سے پیش رفت نہ ہونے پر نرسنگ اسٹاف نے وزارتِ قومی صحت سے بھی رابطہ کرتے ہوئے درخواست دائر کر دی ہے۔ عملے نے وزارتِ صحت سے اپیل کی ہے کہ وہ اس معاملے کا فوری نوٹس لے کر شفاف تحقیقات اور مستقل حل کے لیے اقدامات کرے۔
صحت
پمز نرسنگ اسٹاف کی ڈپٹی چیف نرسنگ سپرنٹنڈنٹ کے خلاف بداخلاقی کی شکایت، شفاف انکوائری کا مطالبہ

صحت · The Frontier Voice





