برطانیہ میں دل کی پیچیدہ بیماری آبسٹریکٹو ہائپر ٹرافک کارڈیو مایوپیتھی (HCM) میں مبتلا ہزاروں مریضوں کے لیے ایک اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔ برطانوی ریگولیٹری ادارے MHRA اور NICE نے نئی دوا افیکامٹن (MYQORZO) کی منظوری دے دی ہے، جس سے انگلینڈ میں تقریباً 6,600 مریض مستفید ہو سکیں گے۔
یہ دوا روزانہ صرف ایک بار استعمال کی جاتی ہے اور دل کے پٹھوں کے غیر معمولی سکڑاؤ کو کم کرکے خون کی روانی بہتر بناتی ہے۔ طبی آزمائشوں کے مطابق افیکامٹن سانس پھولنے، سینے کے درد، تھکن، چکر آنے اور دل کی بے ترتیب دھڑکن جیسی علامات میں نمایاں کمی لانے کے ساتھ مریضوں کی جسمانی سرگرمی کی صلاحیت بھی بہتر بناتی ہے۔
ماہرین کے مطابق نئی دوا کی افادیت موجودہ دوا ماواکامٹن کے برابر ہے، تاہم اس کے استعمال کے دوران مریضوں کو دل کے الٹراساؤنڈ (ایکوکارڈیوگرام) نسبتاً کم کروانے کی ضرورت پڑ سکتی ہے۔ این ایچ ایس انگلینڈ کے مطابق حتمی رہنمائی جاری ہونے کے 30 دن کے اندر دوا مریضوں کو دستیاب ہوگی۔






