خیبر پختونخوا کے محکمۂ صحت نے صوبے میں ڈینگی کے تازہ اعداد و شمار جاری کر دیے ہیں، جن کے مطابق گزشتہ ایک ہفتے کے دوران ڈینگی کے 35 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔

محکمۂ صحت کے مطابق رواں سال اب تک صوبے بھر میں ڈینگی کے 250 کیسز کی تصدیق ہو چکی ہے، تاہم خوش آئند بات یہ ہے کہ اب تک ڈینگی سے کسی بھی ہلاکت کی اطلاع نہیں ملی۔

اعداد و شمار کے مطابق پشاور سب سے زیادہ متاثرہ ضلع رہا، جہاں رواں سال 134 ڈینگی کیسز سامنے آئے ہیں۔

ڈینگی کی روک تھام کے لیے محکمۂ صحت نے مختلف اضلاع میں گھروں، پانی کے ذخائر، کنٹینرز اور دیگر مقامات کا معائنہ کیا۔ کارروائی کے دوران 1,488 مقامات سے ڈینگی مچھر کا لاروا تلف کیا گیا۔

محکمۂ صحت نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ گھروں اور اطراف میں صاف پانی کھڑا نہ ہونے دیں، پانی کے برتن ڈھانپ کر رکھیں اور بخار یا ڈینگی جیسی علامات ظاہر ہونے پر فوری طور پر قریبی اسپتال یا صحت مرکز سے رجوع کریں۔