گرمیوں کی طویل تعطیلات کے اختتام پر بچوں کو دوبارہ اسکول کی معمول کی زندگی میں واپس لانا والدین کے لیے ایک اہم چیلنج بن جاتا ہے۔ ماہرین کے مطابق اگر چند آسان عادات اپنائی جائیں تو بچوں کے لیے اسکول واپسی کا مرحلہ زیادہ آسان اور خوشگوار بنایا جا سکتا ہے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ اسکول کھلنے سے چند روز قبل ہی بچوں کی نیند کا معمول درست کرنا چاہیے تاکہ وہ رات کو بروقت سوئیں اور صبح جلدی اٹھنے کے عادی ہو سکیں۔ مناسب نیند بچوں کی جسمانی اور ذہنی صحت کے لیے انتہائی ضروری ہے۔

انہوں نے والدین کو مشورہ دیا کہ سونے سے کم از کم ایک گھنٹہ پہلے بچوں کو موبائل فون، ٹیبلٹ اور دیگر الیکٹرانک ڈیوائسز سے دور رکھیں اور ان سے اسکول، دوستوں اور نئی سرگرمیوں کے بارے میں مثبت گفتگو کریں تاکہ وہ ذہنی طور پر اسکول واپسی کے لیے تیار ہوں۔

ماہرین کے مطابق دن کا آغاز غذائیت سے بھرپور ناشتے سے کرنا بھی بچوں کی توجہ، یادداشت اور سیکھنے کی صلاحیت بہتر بنانے میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔ اس کے علاوہ والدین کو چاہیے کہ روزانہ بچوں سے ان کے اسکول کے تجربات، دوستوں اور پڑھائی کے بارے میں بات کریں تاکہ ان کا اعتماد بڑھے اور وہ اپنی مشکلات کھل کر بیان کر سکیں۔

تعلیمی ماہرین کا کہنا ہے کہ گھر میں نظم و ضبط، مقررہ اوقاتِ نیند اور متوازن روزمرہ معمول بچوں کو نئی تعلیمی روٹین اپنانے میں مدد دیتا ہے۔ ان کے مطابق اسکول واپسی کو دباؤ کے بجائے ایک مثبت اور حوصلہ افزا تجربہ بنایا جائے تاکہ بچے نئے تعلیمی سال کا آغاز اعتماد اور خوشی کے ساتھ کر سکیں۔