پنجاب اسٹیج کے معروف اداکار اور کامیڈین آصف اقبال بٹ المعروف ’’پھینا جی‘‘ 60 برس کی عمر میں انتقال کرگئے۔ ایکسپریس کے مطابق انہیں دل کا دورہ پڑا، جس کے بعد اہل خانہ انہیں ہسپتال لے گئے، تاہم وہ جانبر نہ ہوسکے۔
آصف اقبال بٹ کا تعلق گوجرانوالہ سے تھا اور انہیں ڈراما فیلڈ میں معروف فنکار سہیل احمد عزیزی نے متعارف کروایا تھا۔ وہ اپنی برجستہ اداکاری، حاضر جوابی اور منفرد جگت کے انداز کے باعث اسٹیج کے شائقین میں پہچانے جاتے تھے۔
انہوں نے امانت چن، ناصر چنیوٹی اور نسیم وکی سمیت اسٹیج کے متعدد معروف فنکاروں کے ساتھ کام کیا۔ رپورٹ کے مطابق مرحوم فنکار مستانہ اور ببو برال کے بھی قریبی دوستوں میں شامل تھے۔
رپورٹ کے مطابق آصف بٹ نے فنونِ لطیفہ سے وابستگی کے ساتھ اپنی گریجویشن بھی مکمل کی اور بعد ازاں اسٹیج کی دنیا میں اپنی منفرد شناخت بنائی۔ ان کے انتقال پر اسٹیج اور کامیڈی سے وابستہ حلقوں میں افسوس کا اظہار کیا جا رہا ہے۔






