برطانوی میڈیا کے مطابق سابق وزیراعظم عمران خان کی سابق اہلیہ جمائما گولڈ اسمتھ نے دوسری شادی کرلی ہے۔ جمائما نے اتوار کے روز 62 سالہ آئرش آسٹریلوی فنانسر کیمرون او ریلی کے ساتھ شادی کی۔
برطانوی اخبار ڈیلی میل کے مطابق دونوں کی ملاقات اس وقت ہوئی جب کیمرون او ریلی متعدد ڈاکیومنٹریز اور فلموں میں ایگزیکٹو پروڈیوسر کے طور پر کام کر رہے تھے۔ دونوں کے درمیان تقریباً ایک سال تک تعلقات رہے، جس کے بعد رواں سال مئی میں ان کی منگنی کی خبر سامنے آئی تھی۔
جمائما کے بھائی بین گولڈ اسمتھ نے شادی کی تصدیق کی، جبکہ ان کی اہلیہ جمائما جونز نے سوشل میڈیا پر شادی کی ایک تصویر شیئر کرتے ہوئے جوڑے کو مبارکباد دی۔
جمائما گولڈ اسمتھ نے فلم سازی کے شعبے میں بھی کام کیا ہے اور ان کی پروڈیوس کردہ فلم What’s Love Got To Do With It میں پاکستان کو بھی نمایاں کیا گیا تھا۔
جمائما اور عمران خان کی شادی 1995 میں ہوئی تھی اور تقریباً ایک دہائی بعد دونوں کی علیحدگی ہوگئی۔ دونوں کے دو بیٹے، سلیمان اور قاسم، ہیں۔ جمائما ماضی میں عمران خان کی رہائی کے لیے بھی آواز اٹھاتی رہی ہیں۔






