بھارتی پنجابی گلوکار و اداکار ایمی ورک کینیڈا کے شہر ایبٹسفورڈ میں فائرنگ کے ایک واقعے میں محفوظ رہے۔ بھارتی میڈیا کے مطابق فائرنگ 5 ستمبر کی رات ان کے کنسرٹ کے بعد میکلم روڈ کے علاقے میں ہوئی۔

پولیس کے مطابق ایک گاڑی پر فائرنگ کی گئی اور گاڑی پر 7 گولیاں چلائی گئیں، تاہم کسی شخص کے زخمی ہونے کی اطلاع نہیں ملی۔ ابتدائی اطلاعات میں گاڑی کو ایمی ورک کے کنسرٹ سے منسلک قافلے کا حصہ بتایا گیا تھا۔

پولیس فائرنگ کے مقصد اور حملہ آوروں کے بارے میں تحقیقات کر رہی ہے۔ واقعے کے کچھ دیر بعد قریب ہی ایک گاڑی جلنے کی اطلاع بھی ملی، جس کے ممکنہ تعلق کی بھی تفتیش جاری ہے۔

دوسری جانب ایمی ورک کے والد کلجیت سنگھ نے ان خبروں کی تردید کی کہ فائرنگ براہِ راست ایمی ورک یا ان کی گاڑی پر ہوئی۔ ان کا کہنا ہے کہ ایمی ورک بالکل محفوظ ہیں اور فائرنگ ممکنہ طور پر کنسرٹ منتظمین سے منسلک گاڑی سے متعلق تھی۔