ڈیوک آف سسیکس شہزادہ ہیری نے اپنی والدہ شہزادی ڈیانا کی زندگی پر مبنی ایک خفیہ فلمی منصوبے پر کام شروع کردیا ہے، جس میں ان کی اہلیہ اور اداکارہ میگھن مارکل کو اہم کردار دینے پر غور کیا جا رہا ہے۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق شہزادہ ہیری گزشتہ ماہ میگھن مارکل اور اپنے بچوں، شہزادہ آرچی اور شہزادی للی بیٹ کے ہمراہ طویل قیام کے لیے برطانیہ واپس آئے تھے۔ رپورٹس میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ اسی دوران شہزادی ڈیانا کی زندگی سے متعلق اس منصوبے پر بھی کام آگے بڑھایا گیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق شہزادہ ہیری چاہتے ہیں کہ میگھن مارکل فلم میں شہزادی ڈیانا کی کہانی کی راوی کے طور پر شامل ہوں۔ اس صورت میں میگھن کا کردار محض مختصر نوعیت کا نہیں ہوگا بلکہ وہ فلم کی کہانی بیان کرنے والی ایک اہم شخصیت کے طور پر سامنے آئیں گی۔
رپورٹس کے مطابق شہزادہ ہیری خود بھی اپنی والدہ کی کہانی میں بطور بیٹے شامل ہوسکتے ہیں، جبکہ ناظرین ڈیانا کی زندگی کے مختلف پہلو میگھن کی آواز میں سنیں گے۔
واضح رہے کہ شہزادی ڈیانا 1997 میں پیرس میں ایک کار حادثے میں ہلاک ہوگئی تھیں۔ تاہم، فلمی منصوبے اور میگھن مارکل کے کردار سے متعلق سامنے آنے والی اطلاعات کی باضابطہ تصدیق ابھی نہیں ہوئی۔






