پاکستان کے معروف ٹی وی اور ریڈیو اداکار و پروڈیوسر سید محسن گیلانی نے ایک حالیہ پوڈکاسٹ میں جنات سے متعلق اپنے مبینہ تجربات اور خیالات کا اظہار کیا ہے۔
محسن گیلانی نے دعویٰ کیا کہ وہ ’’جنات کے بادشاہ‘‘ ہیں اور ایک جن گزشتہ 12 برس سے ان کے ساتھ موجود ہے، جس کا نام انہوں نے ’’نجیب‘‘ بتایا۔ ان کے مطابق یہ جن ان کے والد کے انتقال کے بعد سے ان کے ساتھ ہے۔
اداکار نے مزید دعویٰ کیا کہ ان کے آباؤ اجداد کے پاس بھی جنات تھے اور قرآن کا علم رکھنے والے افراد ایسے لوگوں کے بارے میں جانتے ہیں جن کے زیرِ اثر جنات ہوتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ تعلق نسل در نسل بھی منتقل ہوسکتا ہے۔
محسن گیلانی کے مطابق جنات بھی اللہ تعالیٰ کی مخلوق ہیں اور ان کے مختلف مذہبی فرقے ہوتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عام طور پر جنات انسانوں کو نقصان نہیں پہنچاتے بلکہ بعض اوقات اپنی موجودگی کا احساس دلاتے ہیں۔
انہوں نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ جنات انسانوں کے تابع نہیں ہوتے اور انہیں اپنی مرضی سے احکامات نہیں دیے جا سکتے۔ پوڈکاسٹ میں انہوں نے جنات کی جانب سے مٹھائیاں خریدنے سمیت دیگر واقعات بھی بیان کیے۔
محسن گیلانی نے اداکار احسن خان کا حوالہ دیتے ہوئے ایک واقعہ بھی سنایا اور دعویٰ کیا کہ انہوں نے احسن خان کی خواہش پر انہیں رات کے وقت ملتان میں ایک شخص سے ملاقات کروائی تھی۔
اداکار نے گفتگو کے دوران سورۂ رحمٰن اور سورۂ فاتحہ کی تلاوت اور ترجمہ سمجھنے کی بھی تلقین کی اور انہیں مسلمانوں کے لیے عظیم نعمتیں قرار دیا۔






