اسلام آباد: پاکستانی اداکار حمزہ علی عباسی نے بیوہ اور طلاق یافتہ خواتین کی دوبارہ شادی سے متعلق معاشرتی رویوں پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایسی خواتین کے ذاتی فیصلوں کو منفی نظر سے نہیں دیکھنا چاہیے۔

سوشل میڈیا پر جاری اپنے ویڈیو پیغام میں حمزہ علی عباسی نے کہا کہ ہمارے معاشرے میں ایک طبقہ ایسا ہے جو بالخصوص بچوں والی بیوہ یا طلاق یافتہ خواتین کے دوسری شادی کے فیصلے کو معیوب سمجھتا ہے اور اسے بری نگاہ سے دیکھتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایسے منفی رویوں کی حوصلہ شکنی ہونی چاہیے اور خواتین کو اپنی زندگی کے اہم فیصلے کرنے میں تعاون اور سہولت فراہم کی جانی چاہیے۔

حمزہ علی عباسی کا کہنا تھا کہ کوئی شخص دوسری شادی کرنا چاہتا ہے یا نہیں، یہ اس کا ذاتی فیصلہ ہونا چاہیے اور دوسروں کو اس معاملے میں غیر ضروری مداخلت نہیں کرنی چاہیے۔

اداکار نے زور دیا کہ دوبارہ شادی کی خواہش رکھنے والی خواتین کو منفی نگاہ سے دیکھنا درست نہیں، کیونکہ شادی کا فیصلہ ان کا ذاتی حق ہے۔