ممبئی کے گنڈاوالی میٹرو اسٹیشن پر کئی ماہ سے نظر آنے والی نارنجی رنگ کی بلی کو میٹرو انتظامیہ نے مذاقاً ایک منفرد اعزازی عہدہ دے دیا۔
یہ بلی اکثر اسٹیشن کے داخلی راستے کے قریب بیٹھتی یا گھومتی نظر آتی تھی، جس کے باعث وہ مسافروں کے لیے ایک مانوس چہرہ بن گئی۔
ایک مسافر سندیش سامنت نے بلی کی تصویر بنا کر میٹرو آپریٹر مہا ممبئی میٹرو آپریشن کارپوریشن لمیٹڈ کو بھیجی اور مزاحیہ انداز میں تجویز دی کہ اس ’بغیر تنخواہ کے سیکیورٹی گارڈ‘ کو کوئی عہدہ دے دینا چاہیے۔
میٹرو انتظامیہ نے بھی اس تجویز کو خوش دلی سے قبول کرتے ہوئے بلی کو ’چیف فیلائن آفیسر‘ کا اعزازی عہدہ دے دیا۔
حکام کے مطابق یہ تقرری محض تفریح اور مذاق کے طور پر کی گئی، تاہم بلی کی اسٹیشن پر مسلسل موجودگی نے اسے مسافروں میں مقبول بنا دیا ہے۔
بلی کے پاس نہ شناختی کارڈ ہے، نہ دفتر اور نہ تنخواہ، لیکن اس کی ’ڈیوٹی‘ نے اسے ممبئی میٹرو کی ایک دلچسپ مشہور شخصیت ضرور بنا دیا ہے۔






