پاکستانی اداکارہ سونیا حسین نے خواتین اور بچوں کے خلاف تشدد اور جنسی زیادتی کے بڑھتے واقعات پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے حکام سے فوری اور مؤثر اقدامات کرنے کی اپیل کی ہے۔

اپنے انسٹاگرام پیغام میں سونیا حسین نے سوال اٹھایا کہ مزید کتنی معصوم جانوں کے ضیاع کے بعد سخت اقدامات کیے جائیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ ایسے واقعات کو محض انفرادی جرائم سمجھ کر نظر انداز نہیں کیا جا سکتا بلکہ بچوں کے استحصال میں ممکنہ طور پر ملوث نیٹ ورکس، پلیٹ فارمز اور ذرائع کی بھی تحقیقات ہونی چاہئیں۔

اداکارہ نے ڈارک ویب کے ممکنہ کردار کی تحقیقات کا مطالبہ بھی کیا اور بچوں کے تحفظ کے لیے وقتی غم و غصے کے بجائے مستقل اور مؤثر اقدامات، ذمہ داروں کے احتساب اور آگاہی کی ضرورت پر زور دیا۔

انہوں نے حکومت، ٹی وی چینلز اور سوشل میڈیا پلیٹ فارمز سے بھی مطالبہ کیا کہ بچوں اور خاندانوں کو ممکنہ خطرات سے محفوظ رکھنے کے لیے مؤثر آگاہی اور رہنمائی فراہم کی جائے۔