پاکستان کے معروف گلوکار عاطف اسلم کا کہنا ہے کہ انہیں بھارت میں کام کرنے کی کمی محسوس نہیں ہوتی، تاہم وہ وہاں موجود اپنے مداحوں کو ضرور یاد کرتے ہیں۔

ایک حالیہ بھارتی یوٹیوب چینل کو انٹرویو میں عاطف اسلم نے بھارت کے ساتھ اپنے تعلق اور وہاں کے مداحوں سے وابستگی پر گفتگو کی۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی حکومت نے پاکستانی فنکاروں کے بھارت میں کام کرنے پر پابندی عائد کی، جس کے باعث وہ گزشتہ تقریباً 10 سال سے بھارت کے لیے کوئی گانا نہیں کر سکے۔

عاطف اسلم کے مطابق پابندی کے باوجود ان کی موسیقی مختلف متبادل ذرائع کے ذریعے بھارت میں ان کے مداحوں تک پہنچ رہی ہے، جہاں بعض مداح وی پی این سمیت دیگر ذرائع استعمال کرکے ان کے گانے سنتے ہیں۔

گلوکار نے کہا کہ انہیں بھارت میں پیشہ ورانہ طور پر کام نہ کرنے کا افسوس نہیں، تاہم وہ وہاں کے لوگوں اور اپنے مداحوں کو ضرور یاد کرتے ہیں۔