بیلجیئم میں 26 سالہ کلیمنٹ وینڈن کرک ہوو ڈی این اے ٹیسٹ کے بعد شاہی خاندان کا حصہ بن گئے ہیں۔ بیلجیئم کے بادشاہ فلپ کے چھوٹے بھائی شہزادہ لورینٹ نے قانونی طور پر کلیمنٹ کو اپنا بیٹا تسلیم کرلیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق کلیمنٹ کی والدہ اور شہزادہ لورینٹ کے درمیان 1990 کی دہائی میں تعلقات تھے۔ دونوں کی ملاقات پیرس میں ایک فیشن شو کے دوران ہوئی تھی، تاہم یہ تعلق زیادہ عرصے تک برقرار نہیں رہا۔

کلیمنٹ کو 16 برس کی عمر میں اپنی ولدیت کے بارے میں معلوم ہوا۔ والدہ نے انہیں بتایا کہ شہزادہ لورینٹ ان کے والد ہیں۔ تقریباً چار سال بعد کلیمنٹ نے اپنے والد سے رابطہ کیا، جس کے بعد ڈی این اے ٹیسٹ کرایا گیا اور نسبت کی تصدیق ہوگئی۔

تقریباً چھ ماہ قبل شہزادہ لورینٹ نے بیلجیئم کی سول رجسٹری میں کلیمنٹ کو قانونی طور پر اپنا بیٹا تسلیم کرلیا۔

تاہم شاہی خاندان کا حصہ بننے کے باوجود کلیمنٹ کو سرکاری شاہی وظیفہ نہیں ملے گا اور وہ شاہی خاندان کی سرکاری سرگرمیوں میں بھی شامل نہیں ہوں گے۔ البتہ انہیں اپنے والد کی نجی جائیداد میں اپنے سوتیلے بہن بھائیوں کے برابر وراثتی حقوق حاصل ہوں گے۔

کلیمنٹ نے عندیہ دیا ہے کہ وہ شہزادہ بننے کے باوجود اپنا موجودہ خاندانی نام برقرار رکھنا چاہتے ہیں۔