پاکستانی اور بھارتی فلم انڈسٹری میں کام کرنے والی معروف اداکارہ سلمیٰ آغا کے پاکستانی شہریت سے متعلق حالیہ بیان نے سوشل میڈیا پر نئی بحث چھیڑ دی ہے۔
ایک حالیہ انٹرویو میں پاکستانی شہریت اور بھارت میں کام کرنے کے حوالے سے سوال پر سلمیٰ آغا نے بتایا کہ ان کا خاندان برطانیہ منتقل ہوگیا تھا اور وہ برطانوی شہری ہیں۔
اداکارہ کے مطابق پاکستان میں ان کا قیام اور فلمی کام پیشہ ورانہ بنیادوں پر تھا، جبکہ پاکستانی فلم انڈسٹری میں کام کرنے کا تجربہ ان کے لیے اچھا رہا۔
سلمیٰ آغا نے بھارت میں اپنی رہائش سے متعلق بھی وضاحت کی۔ ان کے مطابق انہیں 2017 میں بھارت کی جانب سے ایک کارڈ جاری کیا گیا، جس کے باعث انہیں وہاں رہائش اور بعض سہولیات حاصل ہیں۔
اداکارہ نے بتایا کہ یہ کارڈ انہیں اپنی نانی کی نسبت سے ملا، جن کا تعلق بھارتی شہر امرتسر سے تھا، جبکہ ان کے پاس برطانوی پاسپورٹ ہے۔
بیان سامنے آنے کے بعد سوشل میڈیا پر بعض صارفین نے سلمیٰ آغا کی شہریت اور ان کے خاندانی پس منظر سے متعلق سوالات اٹھائے، جبکہ کچھ صارفین نے ان کے ماضی کے پاکستانی فلمی کیریئر کا حوالہ بھی دیا۔
سلمیٰ آغا نے اپنے کیریئر کے دوران پاکستانی فلم انڈسٹری میں متعدد فلموں میں کام کیا اور بعد ازاں بھارتی فلم انڈسٹری میں بھی اداکاری جاری رکھی۔






