پاکستانی شوبز انڈسٹری کی معروف میزبان اور اداکارہ متھیرا نے ایک حالیہ پوڈکاسٹ میں اپنی عمر، خوبصورتی اور کاسمیٹک پروسیجرز سے متعلق کھل کر گفتگو کی ہے۔
انسٹاگرام پر لاکھوں فالوورز رکھنے والی متھیرا نے بتایا کہ ان کی عمر 34 سال ہے اور وہ سمجھتی ہیں کہ وہ آج بھی اپنی شخصیت کی وجہ سے لوگوں کی توجہ حاصل کرنے کی صلاحیت رکھتی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ جوانی ہمیشہ قائم نہیں رہتی اور عمر بڑھنا زندگی کا ایک فطری عمل ہے۔ ان کے مطابق شہرت قسمت اور محنت دونوں کا نتیجہ ہوتی ہے، جبکہ انہوں نے شوبز انڈسٹری میں اپنی شناخت کسی کی مدد کے بغیر خود بنائی۔
متھیرا نے یہ بھی بتایا کہ وہ ایک سنگل مدر ہیں اور اپنے تین بیٹوں کی پرورش کر رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ انہیں نہ اپنی بڑھتی عمر کی فکر ہے اور نہ ہی وزن سے متعلق ہونے والی تنقید سے کوئی فرق پڑتا ہے۔
کاسمیٹک پروسیجرز کے حوالے سے اداکارہ نے اعتراف کیا کہ ایک حادثے کے باعث ان کی ناک کی ہڈی متاثر ہوئی تھی، جس کے بعد انہوں نے ترکیہ میں ناک کی سرجری کروائی۔ اس کے علاوہ وہ وقتاً فوقتاً فلرز اور بوٹوکس بھی کرواتی ہیں، جبکہ تقریباً 15 سال قبل انہوں نے معمولی لیپوسیکشن بھی کروائی تھی۔
متھیرا کا کہنا تھا کہ خواتین اتنی آسانی سے بوڑھی نہیں ہوتیں، اور معاشرے میں خواتین کی بڑھتی عمر کو غیر ضروری طور پر منفی انداز میں پیش کیا جاتا ہے، حالانکہ عمر بڑھنا کسی بھی انسان کی زندگی کا قدرتی حصہ ہے۔






