پاکستانی اداکار شہود علوی نے اہلیہ سے متعلق اپنے متنازع بیان پر وضاحت دیتے ہوئے کہا ہے کہ ان کی بات کو سیاق و سباق سے ہٹ کر پیش کیا گیا اور بیان ان کے ذاتی خیالات کی عکاسی نہیں کرتا۔
انسٹاگرام پر جاری وضاحتی بیان میں شہود علوی نے کہا کہ نجی ٹی وی پروگرام میں ایک کالر نے سوال کیا تھا، جس پر پروگرام میں شریک تمام مہمانوں نے تبصرہ کیا۔ ان کے مطابق ان کی بات کا اصل مقصد کچھ اور تھا اور اسے ان کے ذاتی نظریات سے جوڑنا درست نہیں۔
اداکار نے کہا کہ وہ خواتین کی خودمختاری پر یقین رکھتے ہیں اور اپنی اہلیہ اور بیٹیوں کی خودمختاری اور حمایت کرتے ہیں۔ انہوں نے اپنی اہلیہ کی جانب سے زندگی میں کیے گئے اقدامات اور تعاون کو بھی سراہا۔
شہود علوی نے کہا کہ وہ اپنی اہلیہ کی تمام ضروریات کا خیال رکھتے ہیں اور ان کی قدر کرتے ہیں۔ انہوں نے ویوز حاصل کرنے کے لیے کسی کی شخصیت کو سیاق و سباق سے ہٹ کر پیش کرنے اور تنقید کا نشانہ بنانے پر بھی اعتراض کیا۔






