نیپال کے ضلع راسووا میں شدید سیلابی ریلے نے کئی دیہات کو اپنی لپیٹ میں لے لیا، جس کے نتیجے میں کم از کم 9 افراد ہلاک جبکہ 384 افراد لاپتہ ہوگئے ہیں۔

خبر ایجنسی کے مطابق تبت کی سرحد سے متصل ضلع راسووا میں اچانک آنے والے سیلابی ریلے نے بڑے پیمانے پر تباہی مچائی اور متعدد دیہات بہا لے گیا۔ نیپال ٹورازم بورڈ کے مطابق لاپتہ افراد میں 291 غیرملکی شہری بھی شامل ہیں، جن میں 105 بھارتی شہری شامل ہیں۔

حکام کے مطابق سیلاب کے باعث ایک ہائیڈرو پاور منصوبے پر کام کرنے والے 8 جنوبی کوریائی شہری بھی لاپتہ ہیں، جبکہ مزید 10 جنوبی کوریائی شہری علاقے میں پھنسے ہوئے ہیں۔

ریسکیو ٹیمیں لاپتہ افراد کی تلاش اور متاثرہ علاقوں میں امدادی کارروائیوں میں مصروف ہیں، تاہم دشوار گزار پہاڑی علاقے اور سیلاب کے باعث امدادی سرگرمیوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔