محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کی ہے کہ بحیرہ عرب اور خلیج بنگال سے آنے والی مون سون ہوائیں 29 جولائی سے ملک کے بالائی اور وسطی علاقوں میں داخل ہوں گی، جس کے اثرات کے باعث کراچی میں 31 جولائی سے مون سون بارشوں کا نیا سلسلہ شروع ہونے کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق 31 جولائی سے 2 اگست کے دوران کراچی میں وقفے وقفے سے بارش متوقع ہے، جبکہ تیز ہواؤں، گرج چمک اور بعض مقامات پر موسلادھار بارش بھی ہو سکتی ہے۔

اسی دوران سندھ کے مختلف اضلاع، جن میں تھرپارکر، عمرکوٹ، میرپورخاص، بدین، سانگھڑ، ٹنڈو محمد خان، ٹنڈو اللہ یار، حیدرآباد، کراچی، مٹیاری، جامشورو، شہید بینظیر آباد، گھوٹکی، کشمور، جیکب آباد، شکارپور، سکھر، قمبر شہدادکوٹ، لاڑکانہ، خیرپور، نوشہروفیروز اور ٹھٹھہ شامل ہیں، میں بھی گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے۔

محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ چند مقامات پر شدید بارش کے باعث نشیبی علاقوں میں اربن فلڈنگ کا خدشہ موجود ہے، لہٰذا شہری احتیاطی تدابیر اختیار کریں اور موسمی صورتحال سے باخبر رہیں۔