نیپال میں تباہ کن سیلاب کے بعد امدادی کارروائیوں کے دوران ایک حیران کن انکشاف سامنے آیا ہے۔ سیلاب اور ملبے تلے دبے ایک بینک کے لاکرز سے کروڑوں روپے مالیت کا سونا، نقد رقم اور اہم دستاویزات برآمد کرلی گئی ہیں۔
نیپال پولیس کے مطابق تریشولی ڈھونگے میں واقع کرشی وکاس بینک کی شاخ کے ملبے سے تقریباً 50 کروڑ نیپالی روپے مالیت کا سونا، ڈیڑھ کروڑ روپے نقد اور اہم دستاویزات نکال کر محفوظ مقام پر منتقل کیے گئے۔
پولیس اہلکاروں نے بینک کے بیسمنٹ تک پہنچنے کے لیے ملبہ ہٹایا اور کئی گھنٹوں کی تلاش کے بعد لاکرز تلاش کیے۔ بعد ازاں انہیں نکال کر قیمتی سامان محفوظ کرلیا گیا۔
سیلاب نے نیپال کے کئی علاقوں میں بڑے پیمانے پر تباہی مچائی ہے، جہاں عمارتیں، گاڑیاں اور دیگر املاک کئی فٹ ملبے تلے دب گئی ہیں۔ متعدد بینک بھی متاثر ہوئے ہیں۔
اس سے ایک روز قبل ایک اور بینک کی تجوری سیلابی ریلے میں بہہ کر دھاڈنگ پہنچ گئی تھی۔ پولیس کے مطابق تجوری توڑ کر نقدی نکالنے کے الزام میں 29 افراد کو گرفتار کیا گیا، جبکہ ان کے قبضے سے 92 لاکھ 68 ہزار 505 نیپالی روپے برآمد کیے گئے۔





