محکمہ موسمیات نے 13 سے 15 اگست کے دوران ملک کے بالائی اور وسطی علاقوں میں بارشوں کا نیا سلسلہ جاری رہنے کی پیشگوئی کرتے ہوئے متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایت کی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق کشمیر، گلگت بلتستان اور بالائی خیبرپختونخوا میں 13 اگست کی شام یا رات سے 15 اگست تک بارش کا امکان ہے، جبکہ شمال مشرقی پنجاب میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔
اسلام آباد، راولپنڈی اور خطہ پوٹھوہار میں بھی 13 اگست کی شام یا رات سے بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ سرگودھا، فیصل آباد، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ اور خوشاب میں بھی بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
محکمہ موسمیات نے اسلام آباد، راولپنڈی، مردان، صوابی، گوجرانوالہ، گجرات، سیالکوٹ اور لاہور کے نشیبی علاقوں میں شہری سیلاب کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔
دوسری جانب بالائی خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان، مری، گلیات اور کشمیر کے پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ بھی موجود ہے۔
محکمہ موسمیات نے سیاحوں اور مسافروں کو موسمی صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے محتاط رہنے جبکہ کسانوں کو بارشوں کے پیش نظر اپنی زرعی سرگرمیوں کی منصوبہ بندی کرنے کی ہدایت کی ہے۔
متعلقہ اداروں کو بھی کسی بھی ممکنہ صورتحال سے نمٹنے کے لیے ضروری اقدامات اور پیشگی تیاری یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔






