وفاقی وزیر برائے موسمیاتی تبدیلی و ماحولیاتی ہم آہنگی سینیٹر ڈاکٹر مصدق ملک اور گورنر سندھ سید محمد نہال ہاشمی نے سندھ میں اربن فاریسٹ پروگرام اور خصوصی شجرکاری مہم شروع کرنے کا اعلان کیا ہے۔
اسلام آباد میں وزارتِ موسمیاتی تبدیلی و ماحولیاتی ہم آہنگی میں ہونے والی ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے سندھ کی ماحولیاتی صورتحال، شجرکاری، ماحولیات کے تحفظ اور موسمیاتی تبدیلی سے نمٹنے کے لیے وفاق اور صوبوں کے درمیان تعاون کو مزید مؤثر بنانے پر تبادلہ خیال کیا۔
ملاقات میں سندھ کے شہری علاقوں میں اربن فاریسٹ گرین انیشیٹو پروگرام شروع کرنے پر اتفاق کیا گیا تاکہ سبزہ بڑھایا جا سکے، فضائی آلودگی میں کمی لائی جا سکے اور ماحولیاتی تحفظ کے قومی اہداف حاصل کیے جا سکیں۔
وفاقی وزیر ڈاکٹر مصدق ملک نے یومِ آزادی کے موقع پر سندھ میں خصوصی شجرکاری مہم شروع کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ درخت لگانا آنے والی نسلوں کے محفوظ مستقبل میں سرمایہ کاری کے مترادف ہے۔
دونوں رہنماؤں نے کراچی سمیت سندھ میں ریلوے لائنوں کے اطراف اربن فاریسٹ قائم کرنے کے منصوبے پر بھی اتفاق کیا تاکہ گرین کوریڈورز کے قیام کے ذریعے ماحول دوست ترقی کو فروغ دیا جا سکے۔
گورنر سندھ نے وفاقی وزیر کو گورنر ہاؤس کراچی میں طلبہ و طالبات سے موسمیاتی تبدیلی، ماحولیات کے تحفظ اور پائیدار ترقی پر خصوصی لیکچر دینے کی دعوت دی، جسے ڈاکٹر مصدق ملک نے قبول کرتے ہوئے نوجوانوں میں ماحولیاتی شعور اجاگر کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔
ملاقات میں ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا، جبکہ قومی یکجہتی، سیاسی استحکام اور ہم آہنگی کی ضرورت پر زور دیا گیا۔






