سعودی عرب کے قومی مرکز برائے موسمیات نے ملک کے بیشتر علاقوں میں جمعے سے منگل تک گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کرتے ہوئے شہریوں اور رہائشیوں کو احتیاط برتنے کی ہدایت کی ہے۔
سعودی خبر رساں ادارے کے مطابق جازان، الباحہ، نجران اور عسیر کے بعض علاقوں میں درمیانے درجے سے شدید بارش متوقع ہے، جبکہ جمعے اور ہفتے کے دوران موسمی صورتحال میں شدت آنے کا امکان ہے۔
مکہ مکرمہ ریجن کے متعدد علاقوں میں بھی درمیانے درجے سے شدید بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ اسی طرح مدینہ منورہ اور الشرقیہ کے مختلف علاقوں میں ہلکی سے درمیانے درجے کی بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
موسمی پیشگوئی کے مطابق ریاض ریجن کے بعض علاقوں میں بھی درمیانے درجے کی بارش ہوسکتی ہے، جبکہ بعض مقامات پر تیز ہواؤں، ژالہ باری اور اچانک سیلابی صورتحال کا خطرہ موجود ہے۔
حکام نے شہریوں اور رہائشیوں کو بارش کے دوران احتیاطی تدابیر اختیار کرنے اور وادیوں، نشیبی علاقوں اور سیلابی پانی کے مقامات سے دور رہنے کی ہدایت کی ہے۔ ایسے مقامات پر جہاں بارش کا پانی جمع ہو، وہاں تیراکی سے بھی گریز کرنے کا کہا گیا ہے۔
سعودی عرب کے جنرل ڈائریکٹوریٹ آف سول ڈیفنس نے عوام پر زور دیا ہے کہ وہ موسم سے متعلق تازہ ترین ہدایات صرف سرکاری ذرائع اور متعلقہ سوشل میڈیا پلیٹ فارمز سے حاصل کریں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال میں احتیاطی تدابیر پر عمل کریں۔





