جاپان کے جنوبی جزیرے کیوشو میں 7.1 شدت کا طاقتور زلزلہ ریکارڈ کیا گیا، جس کے بعد جاپانی محکمۂ موسمیات نے ایک میٹر تک بلند سونامی لہروں کی وارننگ جاری کر دی۔
جاپانی وزیرِاعظم سانائے تاکائچی نے بتایا کہ زلزلے کے بعد مختلف علاقوں سے عمارتوں کو نقصان، متعدد افراد کے زخمی ہونے اور بعض مقامات پر آگ لگنے کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔ تاہم نقصانات کی مکمل تفصیلات اکٹھی کی جا رہی ہیں۔
حکام کے مطابق ریسکیو اور ہنگامی امدادی اداروں کو الرٹ کر دیا گیا ہے، جبکہ ساحلی علاقوں کے رہائشیوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے اور مقامی انتظامیہ کی ہدایات پر عمل کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔
جاپانی محکمۂ موسمیات کا کہنا ہے کہ زلزلے کی شدت شنڈو اسکیل پر نمایاں رہی اور ماہرین مسلسل آفٹر شاکس اور ممکنہ سونامی کی صورتحال پر نظر رکھے ہوئے ہیں۔






