ملک میں جاری مون سون بارشوں کے پیش نظر ہائیڈرولوجیکل صورتحال رپورٹ میں آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران بڑے دریاؤں میں پانی کے بہاؤ میں اضافے اور مختلف علاقوں میں فلیش فلڈ کے خطرے سے آگاہ کیا گیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق اس وقت دریائے سندھ میں کالاباغ، چشمہ اور گڈو کے مقامات پر کم درجے کا سیلاب ریکارڈ کیا جا رہا ہے۔ اسی طرح نالہ پلکھو (وزیرآباد) اور نالہ بسنتر (نارووال) میں بھی کم درجے کی سیلابی صورتحال موجود ہے۔

دوسری جانب دریائے راوی، چناب، جہلم، کابل اور ستلج تمام رپورٹنگ مقامات پر معمول کے مطابق بہہ رہے ہیں، جبکہ ڈی جی خان، راجن پور کے پہاڑی نالے اور نالہ لئی بھی معمول کی سطح پر ہیں۔

رپورٹ میں پیش گوئی کی گئی ہے کہ 4 سے 5 اگست کے دوران ملک کے بڑے دریاؤں میں پانی کے بہاؤ میں نمایاں اضافہ متوقع ہے۔ دریائے سندھ میں تربیلا، تونسہ، سکھر اور گڈو، دریائے چناب میں مرالہ، دریائے راوی میں بلوکی اور دریائے جہلم سمیت منگلا ڈیم کے بالائی علاقوں میں کم درجے کے سیلاب کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق خیبر پختونخوا کے ہری پور اور مانسہرہ، آزاد جموں و کشمیر کے باغ اور حویلی، گلگت بلتستان کے ہنزہ، شگر، گپس یاسین اور گانچھے جبکہ شمالی بلوچستان کے ژوب، موسیٰ خیل اور شیرانی میں ندی نالوں اور پہاڑی علاقوں میں فلیش فلڈ آنے کا خدشہ ہے۔

متعلقہ اداروں نے نشیبی اور حساس علاقوں کے رہائشیوں کو محتاط رہنے، سرکاری ہدایات پر عمل کرنے اور موسمی صورتحال پر مسلسل نظر رکھنے کی ہدایت کی ہے۔