گرمیوں کے موسم میں ایئر کنڈیشنر کا استعمال بڑھنے کے ساتھ ہی ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ پرانے یا ناقص اے سی کی بعض علامات کو نظر انداز کرنا خطرناک ثابت ہو سکتا ہے۔ ان کے مطابق بروقت مرمت نہ کروانے کی صورت میں شارٹ سرکٹ، بجلی کے مسائل اور یہاں تک کہ گھر میں آگ لگنے کا خطرہ بھی پیدا ہو سکتا ہے۔

ماہرین کے مطابق اگر اے سی چلانے پر جلنے یا پلاسٹک پگھلنے جیسی بو آئے تو فوراً اسے بند کر دینا چاہیے، کیونکہ یہ موٹر، وائرنگ یا اندرونی برقی حصوں کے خراب ہونے کی علامت ہو سکتی ہے۔

اسی طرح کھڑکھڑاہٹ، غیر معمولی آوازیں یا کمپن اس بات کی نشاندہی کرتی ہیں کہ پنکھا، کمپریسر یا دیگر پرزے ڈھیلے یا خراب ہو چکے ہیں، جنہیں فوری طور پر چیک کروانا ضروری ہے۔

اگر اے سی غیر معمولی حد تک گرم ہونے لگے تو یہ اندرونی برقی خرابی کی علامت ہو سکتی ہے، جو شارٹ سرکٹ اور آگ لگنے کے خطرات میں اضافہ کرتی ہے۔

ماہرین نے یہ بھی بتایا کہ کم ٹھنڈک صرف گیس کی کمی ہی نہیں بلکہ کمپریسر کی خرابی یا بند فلٹر کی نشانی بھی ہو سکتی ہے، اس لیے ایسے مسئلے کو معمولی نہیں سمجھنا چاہیے۔

اس کے علاوہ اسٹیبلائزر یا وائرنگ کے قریب چنگاریاں نظر آنا انتہائی خطرناک اشارہ ہے، جو خراب برقی کنکشن یا کمزور وائرنگ کی وجہ سے پیدا ہو سکتا ہے اور آگ لگنے کا سبب بن سکتا ہے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر یہ خرابیاں بار بار سامنے آئیں تو مسلسل مرمت پر اخراجات کرنے کے بجائے نیا، محفوظ اور توانائی بچانے والا اے سی خریدنا زیادہ بہتر فیصلہ ہو سکتا ہے۔