چین میں سائنس دانوں نے ایسا جدید فائر فائٹنگ روبوٹ تیار کیا ہے جو انتہائی بلند درجۂ حرارت والے ماحول میں داخل ہو کر ریسکیو کارروائیوں میں معاونت کر سکتا ہے۔
چینی میڈیا کے مطابق ٹیان لینگ (Tianlang) نامی چار ٹانگوں والا روبوٹ نے 500 ڈگری سینٹی گریڈ تک شدید حرارت والی آگ میں ریسکیو آپریشن کی تربیت کامیابی سے مکمل کی ہے۔ روبوٹ کو حرارت برداشت کرنے والے حفاظتی لباس سے لیس کیا گیا ہے۔
سائنس دانوں کے مطابق ٹیان لینگ تقریباً دو منٹ تک آگ کے اندر کام کرسکتا ہے۔ یہ آگ کے مرکز کا سراغ لگانے کے ساتھ ساتھ خطرناک اور زہریلی گیسوں کی موجودگی کا بھی پتا لگا سکتا ہے۔
روبوٹ خطرناک ماحول میں پھنسے افراد کی نشاندہی اور تلاش میں بھی ریسکیو ٹیموں کی مدد کرسکتا ہے۔ اس ٹیکنالوجی کا مقصد ایسے مقامات پر انسانی فائر فائٹرز کے خطرات کو کم کرنا ہے جہاں شدید گرمی یا زہریلی گیسوں کے باعث فوری طور پر داخل ہونا ممکن نہیں ہوتا۔
روبوٹ تیار کرنے والی کمپنی کے مطابق مستقبل میں اسے فائر فائٹرز کے کسی عمارت میں داخل ہونے سے پہلے وہاں کی صورتحال کا جائزہ لینے کے لیے استعمال کیا جاسکتا ہے۔






