پنجاب حکومت نے فضائی آلودگی اور گاڑیوں سے خارج ہونے والے مضرِ صحت دھوئیں کی نگرانی مزید مؤثر بنانے کے لیے جدید وہیکل ایمیشن اسکیننگ سسٹم متعارف کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔
محکمہ ماحولیات و موسمیاتی تبدیلی پنجاب کے ترجمان کے مطابق لاہور کے 9 اہم داخلی و خارجی راستوں پر ایمیشن اسکیننگ سسٹم نصب کیا جائے گا۔
ترجمان نے بتایا کہ جدید ریموٹ سینسنگ ڈیوائسز گاڑیوں کو روکے بغیر ان کے اخراج میں موجود آلودگی کی پیمائش کرسکیں گی۔ سسٹم گاڑی کا رجسٹریشن نمبر، رفتار، ایکسیلیریشن اور اسکیننگ کا وقت بھی ریکارڈ کرے گا۔
سیکریٹری ماحولیات کے مطابق جدید ٹیکنالوجی کے استعمال سے فضائی آلودگی کے خلاف کارروائی مزید مؤثر بنانے میں مدد ملے گی۔ حکام کے مطابق یہ منصوبہ لاہور ایئر امپروومنٹ فریم ورک کے تحت تیار کیا جا رہا ہے۔






