ایبٹ آباد: کامسیٹس یونیورسٹی اسلام آباد، ایبٹ آباد کیمپس کی ہونہار طالبہ حرا خورشید نے بین الاقوامی سطح پر پاکستان کے لیے ایک بڑا اعزاز حاصل کرلیا۔ چین کے شہر شینںزن میں منعقدہ Huawei ICT Competition 2025-26 کے عالمی فائنلز میں حرا خورشید نے کمپیوٹنگ ٹریک میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے دوسری پوزیشن حاصل کی۔ اس عالمی مقابلے میں 100 سے زائد ممالک کے 2 لاکھ 20 ہزار سے زائد طلبہ و طالبات نے حصہ لیا، تاہم حرا خورشید نے اپنی غیر معمولی صلاحیت، محنت اور فنی مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے عالمی سطح پر دوسری پوزیشن حاصل کرکے پاکستان کے لیے ایک تاریخی اعزاز اپنے نام کیا۔

حرا خورشید کامسیٹس یونیورسٹی ایبٹ آباد کی بی ایس کمپیوٹر سائنس کے چھٹے سمسٹر کی طالبہ ہیں۔ انہوں نے پاکستان کی نمائندگی کرتے ہوئے دنیا بھر سے شریک ہونے والے بہترین آئی ٹی اور کمپیوٹنگ ٹیلنٹ کا مقابلہ کیا۔ حرا خورشید کے ہمراہ پاکستان کی قومی ٹیم کے دیگر ارکان بھی شریک تھے۔

یہ شاندار کامیابی نہ صرف حرا خورشید اور ان کے اساتذہ بلکہ کامسیٹس یونیورسٹی ایبٹ آباد اور پورے پاکستان کے لیے باعثِ فخر ہے۔ کامیابی اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ پاکستانی نوجوان جدید ٹیکنالوجی اور کمپیوٹنگ کے میدان میں عالمی سطح پر اپنی صلاحیتیں منوانے کی بھرپور اہلیت رکھتے ہیں۔

میڈیا کوآرڈینیٹر کامسیٹس یونیورسٹی ایبٹ سردار نصیر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کامسیٹس یونیورسٹی ایبٹ آباد کی طالبہ کی عالمی سطح پر یہ کامیابی پاکستان کے نوجوانوں کے لیے بھی ایک حوصلہ افزا پیغام ہے کہ محنت، علم اور جدید ٹیکنالوجی میں مہارت کے ذریعے عالمی سطح پر ملک کا نام روشن کیا جاسکتا ہے۔