ٹیکنالوجی کمپنی ایپل نے اپنا پہلا فولڈ ایبل اسمارٹ فون آئی فون ڈیو (iPhone Duo) متعارف کرا دیا ہے، جو کمپنی کے فلیگ شپ آئی فون ڈیزائن میں کئی برس بعد آنے والی نمایاں تبدیلی قرار دیا جارہا ہے۔ فون کی ابتدائی قیمت 1,999 ڈالر رکھی گئی ہے۔

آئی فون ڈیو کتاب کی طرح فولڈ ہوتا ہے اور بند ہونے کی صورت میں تقریباً پاسپورٹ کے سائز کا محسوس ہوتا ہے۔ اس میں 5.4 انچ کی بیرونی اسکرین دی گئی ہے، جبکہ فون کھولنے پر 7.6 انچ کی اندرونی ڈسپلے سامنے آتی ہے۔

ایپل کے مطابق بڑی اسکرین صارفین کو ویڈیوز دیکھنے، گیمنگ اور ایک ساتھ متعدد ایپس استعمال کرنے سمیت مختلف کاموں کے لیے زیادہ جگہ فراہم کرتی ہے۔ فون کی دونوں اسکرینز ایک ہی تناسب کے ساتھ ڈیزائن کی گئی ہیں تاکہ فولڈ اور ان فولڈ کرنے کے دوران مواد کا تجربہ مسلسل رہے۔

آئی فون ڈیو میں ایپل کا نیا A20 Pro چپ، جدید تھرمل مینجمنٹ اور ڈوئل بیٹری آرکیٹیکچر شامل ہے۔ فون 256GB سے شروع ہوکر 2TB تک اسٹوریج آپشنز میں دستیاب ہوگا۔

ایپل کے مطابق آئی فون ڈیو کی پری آرڈرنگ 16 اکتوبر سے شروع ہوگی جبکہ فون کی فروخت 23 اکتوبر سے شروع کی جائے گی۔