وفاقی وزیر برائے آئی ٹی و ٹیلی کمیونیکیشن شزا فاطمہ خواجہ نے نوجوانوں کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ پاکستان کے نوجوان ملک کا سب سے قیمتی اثاثہ اور معیشت کی اصل طاقت ہیں۔

شزا فاطمہ خواجہ کے مطابق حکومت نوجوانوں کو ڈیجیٹل دور کے تقاضوں کے لیے تیار کرنے اور انہیں جدید ٹیکنالوجی کے ہنر سے آراستہ کرنے پر توجہ دے رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ آئی ٹی سیکٹر میں نوجوانوں کے لیے نئے مواقع پیدا کیے جا رہے ہیں جبکہ فری لانسنگ اور جدید ڈیجیٹل اسکلز کی تربیت بھی فراہم کی جا رہی ہے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ مصنوعی ذہانت (AI)، سائبر سیکیورٹی اور سافٹ ویئر ڈویلپمنٹ جیسے شعبوں میں نوجوانوں کی شمولیت حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔ انہوں نے اسمارٹ فونز، انٹرنیٹ اور ڈیجیٹل مہارتوں کو نوجوانوں کے مستقبل کے لیے اہم قرار دیا۔

شزا فاطمہ کے مطابق ملک میں آئی ٹی پارکس اور ڈیجیٹل ہبز کے ذریعے نوجوانوں کے لیے روزگار، کاروبار اور ٹیکنالوجی سے وابستہ نئے مواقع پیدا کیے جا سکتے ہیں۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستانی نوجوان ملک کے ڈیجیٹل انقلاب میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں اور انہیں عالمی ڈیجیٹل معیشت کے تقاضوں کے مطابق تیار کرنا وقت کی ضرورت ہے۔ حالیہ برسوں میں حکومت نے AI، سائبر سیکیورٹی، کوڈنگ اور دیگر ہائی ڈیمانڈ ٹیکنالوجیز میں تربیتی پروگراموں پر بھی زور دیا ہے۔