لاہور: وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی چینی کمپنی کے حکام سے ملاقات میں مصنوعی ذہانت، ڈیجیٹل انفرااسٹرکچر اور نوجوانوں کی تربیت کے حوالے سے اہم پیش رفت ہوئی۔

ملاقات میں چینی کمپنی کو نواز شریف آئی ٹی سٹی میں سرمایہ کاری کی دعوت دی گئی، جبکہ اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ کمپنی پنجاب کے 1000 نوجوانوں اور 300 خواتین ٹرینرز کو تربیت فراہم کرے گی۔

ملاقات کے دوران پنجاب میں آرٹیفیشل انٹیلی جنس ڈیلیوری یونٹ کے قیام کی تجویز پر بھی غور کیا گیا۔ مریم نواز نے کہا کہ پنجاب کو مصنوعی ذہانت کے میدان میں آگے لے جانا حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔

وزیرِ اعلیٰ کے مطابق صوبے میں کلاؤڈ کمپیوٹنگ، ڈیجیٹل انفرااسٹرکچر اور مقامی اے آئی ماڈلز کی تیاری پر بھی کام کیا جائے گا، جس کا مقصد اقتصادی ترقی، جدت، روزگار اور عوامی خدمات میں ٹیکنالوجی کے استعمال کو فروغ دینا ہے۔