پاکستانی نوجوان بیٹر معاذ صداقت نے کیریبیئن پریمیئر لیگ (CPL) میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنی پہلی ٹی20 سنچری مکمل کرلی اور لیگ کی تاریخ میں کم عمر ترین سنچری بنانے والے بیٹر بن گئے۔

بارباڈوس کے کینسنگٹن اوول میں کھیلے گئے ایلیمینیٹر میں جمیکا کنگزمن نے بارباڈوس ٹرائیڈنٹس کو 9 وکٹوں سے شکست دے کر کوالیفائر 2 میں جگہ بنالی۔

145 رنز کے ہدف کے تعاقب میں معاذ صداقت نے جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے صرف 22 گیندوں پر نصف سنچری مکمل کی، جبکہ انہوں نے اپنی سنچری 44 گیندوں پر مکمل کی۔

معاذ نے مجموعی طور پر 49 گیندوں پر 112 رنز بنائے، ان کی اننگز میں 9 چوکے اور 8 چھکے شامل تھے۔ وہ 14ویں اوور میں 112 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، تاہم اس وقت جمیکا کنگزمن فتح کے انتہائی قریب پہنچ چکی تھی۔

معاذ صداقت کی دھواں دار اننگز کی بدولت جمیکا کنگزمن نے 145 رنز کا ہدف 14.1 اوورز میں ایک وکٹ کے نقصان پر حاصل کرلیا۔ کنگزمن کی جانب سے معاذ کے ساتھ کرک مک کینزی نے 22 رنز ناٹ آؤٹ بنائے جبکہ پاکستان کے سائم ایوب نے بھی اختتام پر 3 رنز ناٹ آؤٹ بنائے۔

21 سالہ معاذ صداقت اس سنچری کے ساتھ سی پی ایل کی تاریخ کے کم عمر ترین سنچری میکر بن گئے۔