اسلام آباد: سپریم کورٹ آف پاکستان نے ایک اہم قانونی فیصلے میں پشاور ہائی کورٹ کے فیصلے کو برقرار رکھتے ہوئے قرار دیا ہے کہ کسی ریٹائرڈ سرکاری ملازم کے انتقال کے بعد اس کی پنشن اور دیگر مالی مراعات پر قانونی حق اس کی بیوہ کا ہوگا، نہ کہ اس کے بہن بھائیوں کا۔
عدالتِ عظمیٰ نے واضح کیا کہ پنشن کا مقصد مرحوم ملازم کے زیر کفالت اہل خانہ، خصوصاً شریکِ حیات، کو مالی تحفظ فراہم کرنا ہے۔ اسی بنیاد پر بیوہ کو پنشن اور متعلقہ فوائد کی قانونی حقدار قرار دیا گیا۔
سپریم کورٹ نے اپنے فیصلے میں پشاور ہائی کورٹ کے حکم کو درست قرار دیتے ہوئے بہن بھائیوں کے دعوے کو مسترد کر دیا۔ اس فیصلے کو پنشن سے متعلق مستقبل کے مقدمات کے لیے ایک اہم نظیر قرار دیا جا رہا ہے، جو ایسے تنازعات میں قانونی رہنمائی فراہم کرے گا۔
قانونی ماہرین کے مطابق یہ فیصلہ ملک بھر میں پنشن کے حق سے متعلق ابہام کو دور کرنے اور اہلِ خانہ کے حقوق کے تحفظ میں اہم کردار ادا کرے گا۔






