کراچی: سندھ بھر میں میڈیکل اور ڈینٹل کالجوں میں داخلوں کے لیے ہونے والے ایم ڈی کیٹ 2026 میں 5 ہزار 100 نشستوں کے لیے 33 ہزار سے زائد امیدوار اپنی قسمت آزمائیں گے۔ داخلہ ٹیسٹ 16 اگست کو کراچی سمیت سندھ بھر کے مقررہ امتحانی مراکز میں منعقد ہوگا۔
سکھر آئی بی اے ٹیسٹنگ سروس کے تحت ہونے والے امتحان کے بارے میں وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر آصف شیخ نے بتایا کہ صوبے بھر سے 33 ہزار 500 سے زائد امیدوار امتحان میں شریک ہوں گے، جن میں 20 ہزار 934 طالبات اور 12 ہزار 600 سے زائد طلبہ شامل ہیں۔
جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر سراج میمن کے مطابق سندھ میں میڈیکل تعلیم کے لیے مجموعی طور پر 5,100 نشستیں مختص ہیں، جن میں 2,300 ایم بی بی ایس اور 2,800 بی ڈی ایس کی نشستیں شامل ہیں۔ اس سال میڈیکل کالجوں میں داخلوں کی ذمہ داری جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی کو سونپی گئی ہے۔
کراچی میں 10 ہزار 661 امیدوار امتحان دیں گے، جن میں 8,186 طالبات اور 2,475 طلبہ شامل ہیں۔ اس کے علاوہ حیدرآباد میں 9,470، سکھر میں 5,462، لاڑکانہ میں 3,066، شہید بینظیر آباد میں 2,511، میرپورخاص میں 2,067 جبکہ اسلام آباد کے خصوصی امتحانی مرکز میں 300 امیدوار امتحان میں شریک ہوں گے۔
حکام کے مطابق کراچی میں امتحانی مرکز این ای ڈی یونیورسٹی میں قائم کیا گیا ہے، جبکہ والدین کے لیے بھی علیحدہ بیٹھنے کا انتظام کیا گیا ہے۔ امیدواروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ صبح 6:30 بجے تک امتحانی مرکز پہنچ جائیں، جبکہ امتحان صبح 10 بجے شروع ہوگا۔
تین گھنٹے پر مشتمل ایم سی کیوز پر مبنی امتحان 180 نمبروں کا ہوگا۔ ایم بی بی ایس میں داخلے کے لیے 55 فیصد جبکہ بی ڈی ایس کے لیے 50 فیصد نمبر حاصل کرنا لازمی ہوگا۔ ٹیسٹ میں نیگیٹو مارکنگ نہیں ہوگی۔
سکھر آئی بی اے انتظامیہ کے مطابق شفافیت کو یقینی بنانے کے لیے امتحان کے بعد آنسر کی جاری کی جائے گی، جبکہ امیدواروں کو کاربن کاپی پر سوالات حل کرنے کی سہولت بھی دی جائے گی۔ ایم ڈی کیٹ 2026 کے نتائج 22 اگست تک جاری کیے جانے کی توقع ہے۔






