پنجاب کے شہریوں کے لیے ڈرائیونگ لائسنس کے اجرا کے حوالے سے بڑی پیش رفت سامنے آئی ہے، جہاں گزشتہ صرف تین ہفتوں کے دوران صوبے بھر میں 4 لاکھ 42 ہزار سے زائد شہریوں کو ڈرائیونگ لائسنس جاری کیے گئے۔

ٹریفک پولیس کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایات پر شہریوں کو ڈرائیونگ لائسنس کے حصول میں زیادہ سے زیادہ سہولت فراہم کرنے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں، جبکہ آن لائن لائسنسنگ کی سہولت بھی شہریوں کے لیے آسانیاں پیدا کر رہی ہے۔

حکام کے مطابق تین ہفتوں کے دوران ایک لاکھ 49 ہزار سے زائد شہریوں نے لرننگ لائسنس حاصل کیے، جبکہ ایک لاکھ 43 ہزار سے زائد افراد کو ریگولر ڈرائیونگ لائسنس جاری کیے گئے۔

اسی عرصے میں ایک لاکھ 46 ہزار شہریوں نے لرننگ، ریگولر اور انٹرنیشنل ڈرائیونگ لائسنس حاصل کیے۔ اس کے علاوہ ایک ہزار سے زائد شہریوں کو گمشدہ لائسنس دوبارہ جاری کیے گئے جبکہ 3 ہزار سے زائد افراد کو انٹرنیشنل ڈرائیونگ پرمٹ بھی فراہم کیے گئے۔

ٹریفک پولیس کے مطابق 73 ہزار سے زائد شہریوں نے آن لائن ڈرائیونگ لائسنس کی سہولت سے فائدہ اٹھایا، جس سے شہریوں کو دفاتر کے بار بار چکر لگانے اور غیر ضروری انتظار سے بچنے میں مدد ملی۔

ڈی آئی جی ٹریفک پنجاب محمد وقاص نذیر نے کہا کہ بغیر ڈرائیونگ لائسنس گاڑی چلانا جرم ہے، تاہم ٹریفک پولیس کا مقصد صرف قانونی کارروائی کرنا نہیں بلکہ شہریوں کو قانونی طریقے سے لائسنس حاصل کرنے کی سہولت اور آگاہی فراہم کرنا بھی ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ لائسنسنگ کے نظام کو مزید آسان، تیز اور شہری دوست بنانے کے لیے جدید سہولیات متعارف کرائی جا رہی ہیں۔