اسلام آباد میں 26 ہزار سے زائد بچوں کے اب بھی اسکولوں سے باہر ہونے کا انکشاف قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے تعلیم کے اجلاس میں ہوا۔

چیئرپرسن مہتاب اکبر راشدی کی زیرِ صدارت ہونے والے اجلاس میں وزارتِ تعلیم کے حکام نے بتایا کہ وفاقی دارالحکومت میں مجموعی طور پر 26 ہزار 834 بچے اسکولوں سے باہر ہیں، جن میں 14 ہزار 13 لڑکے اور 12 ہزار 821 لڑکیاں شامل ہیں۔

حکام کے مطابق اب تک 8 ہزار 714 بچوں کا مختلف تعلیمی اداروں میں داخلہ کرایا جا چکا ہے، جبکہ باقی بچوں کو بھی تعلیمی نظام میں شامل کرنے کے لیے وفاقی سطح پر ایک جامع ایکشن پلان تیار کیا گیا ہے۔

وزارتِ تعلیم نے کمیٹی کو آگاہ کیا کہ اسکول سے باہر بچوں کا درست ڈیٹا جمع کرنے کے لیے اسلام آباد کی تمام یونین کونسلوں میں گھر گھر سروے کیا جائے گا۔ اس سلسلے میں 36 دیہی یونین کونسلوں میں غیر سرکاری تنظیموں (این جی اوز) کے تعاون سے سروے مکمل کیا جا چکا ہے، جس کے نتیجے میں 26 ہزار 834 بچوں کی نشاندہی ہوئی۔