وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے گرین ٹریکٹر اسکیم کے چوتھے فیز کا ڈیجیٹل قرعہ اندازی کے ذریعے آغاز کردیا، جبکہ پانچویں فیز کے لیے آن لائن درخواستوں کا پورٹل بھی کھول دیا گیا ہے۔

چوتھے فیز کے تحت پنجاب حکومت 50 سے 65 ہارس پاور کے 10 ہزار ٹریکٹرز فراہم کرے گی، جن پر فی ٹریکٹر 7 لاکھ 50 ہزار روپے کی سبسڈی دی جائے گی۔ ڈیجیٹل قرعہ اندازی میں پہلا ٹریکٹر اٹک کے مسعود خان ولد لال خان کے نام نکلا۔

پانچویں فیز میں 75 سے 125 ہارس پاور کے 9,500 ٹریکٹرز فراہم کیے جائیں گے اور ہر ٹریکٹر پر 10 لاکھ روپے کی سبسڈی دی جائے گی۔ پنجاب حکومت کے مطابق رواں مالی سال میں دونوں مراحل کے تحت مجموعی طور پر 19,500 ٹریکٹرز کسانوں کو فراہم کیے جائیں گے۔

اس پروگرام کے لیے 2 لاکھ 13 ہزار 637 سے زائد کسانوں نے درخواستیں جمع کرائیں، جن میں سے پنجاب لینڈ ریکارڈز اتھارٹی اور نادرا کی تصدیق کے بعد 1 لاکھ 28 ہزار 757 کسان قرعہ اندازی کے لیے اہل قرار پائے۔

پنجاب حکومت نے گرین ٹریکٹر پروگرام کے لیے 17.6 ارب روپے مختص کیے ہیں۔ سرکاری معلومات کے مطابق فیز فور میں کم از کم 5 ایکڑ زرعی اراضی رکھنے والے کسان اہل ہیں، جبکہ فیز فائیو کے لیے 7 ایکڑ یا اس سے زائد اراضی کی شرط درج ہے۔