کراچی میں فرانس کا قونصل خانہ مستقل طور پر بند کردیا گیا ہے، جبکہ قونصل خانے کی جانب سے کراچی کے لیے الوداعی پیغام بھی جاری کیا گیا ہے۔
فرانسیسی قونصل خانے نے اپنے بیان میں دوستوں اور شراکت داروں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ کراچی میں قونصل خانے کی سرگرمیاں اب ختم کردی گئی ہیں۔ قونصل خانے کی عمارت سے فرانس اور یورپی یونین کے پرچم بھی اتار دیے گئے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق فرانس نے کراچی میں قونصل جنرل کا دفتر بند کرنے کا فیصلہ بجٹ سے متعلق وجوہات کی بنا پر کیا۔ اس فیصلے کا اعلان رواں سال جولائی میں کراچی میں تعینات فرانسیسی قونصل جنرل نے فرانس کے قومی دن کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کے دوران کیا تھا۔
فرانسیسی قونصل خانے کی مستقل بندش کے بعد کراچی میں فرانس کی سفارتی موجودگی محدود ہوگئی ہے، جبکہ قونصلر امور کے حوالے سے آئندہ انتظامات فرانس کی جانب سے کیے جائیں گے۔






