پاکستان میں سرکاری و نجی اداروں کے ملازمین اور طلبہ کے لیے اگست کا مہینہ اضافی تعطیلات کی خوشخبری لے آیا ہے۔ سرکاری تعطیلات اور ہفتہ وار ویک اینڈ کی وجہ سے متعدد افراد کو معمول سے زیادہ آرام اور طویل ویک اینڈ کا موقع ملنے کا امکان ہے۔

2026 کے کیلنڈر کے مطابق اگست میں دو وفاقی سرکاری تعطیلات متوقع ہیں، جبکہ مہینے میں پانچ ہفتے ہونے کے باعث ہفتہ اور اتوار مجموعی طور پر 10 مرتبہ آئیں گے۔ اس طرح ایسے ادارے جہاں ہفتہ اور اتوار دونوں دن تعطیل ہوتی ہے، وہاں ملازمین مجموعی طور پر 12 چھٹیوں سے لطف اندوز ہو سکتے ہیں۔

دوسری جانب وہ سرکاری اور نجی دفاتر جہاں صرف اتوار کی چھٹی ہوتی ہے، وہاں ملازمین کو 5 اتوار اور 2 سرکاری تعطیلات ملا کر مجموعی طور پر 7 چھٹیاں ملنے کا امکان ہے۔

اگست کی سب سے اہم سرکاری تعطیل 14 اگست، یومِ آزادی کی ہوگی، جو اس سال جمعہ کے روز آئے گی۔ اس کے بعد ہفتہ اور اتوار کی تعطیلات ملنے سے 14 سے 16 اگست تک مسلسل تین روزہ لانگ ویک اینڈ میسر آئے گا۔

دوسری متوقع عام تعطیل عید میلاد النبی ﷺ کے موقع پر ہوگی، جو موجودہ قمری حساب کے مطابق 25 یا 26 اگست کو متوقع ہے۔ تاہم اس کی حتمی تاریخ مرکزی رویتِ ہلال کمیٹی کے فیصلے اور وفاقی حکومت کے باضابطہ نوٹیفکیشن کے بعد ہی طے ہوگی۔