آزاد جموں و کشمیر انتخابات کے دوران کئی علاقوں میں پولنگ مجموعی طور پر پرامن رہی، تاہم بعض حلقوں میں کشیدگی، تصادم اور فائرنگ کے واقعات بھی پیش آئے۔ دوسری جانب مختلف حلقوں سے غیرحتمی اور غیرسرکاری نتائج موصول ہونے کا سلسلہ جاری ہے۔

سب سے افسوسناک واقعہ حلقہ ایل اے-9 نکیال میں پیش آیا، جہاں پاکستان پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ن) کے کارکنوں کے درمیان تصادم کے دوران فائرنگ سے پیپلز پارٹی کے کارکن مختار یونس جاں بحق جبکہ تین افراد زخمی ہوگئے۔ واقعے کے بعد علاقے میں سیکیورٹی مزید سخت کر دی گئی اور متعلقہ اداروں نے تحقیقات شروع کر دی ہیں۔

پیپلز پارٹی آزاد کشمیر الیکشن سیل کے انچارج سردار عبدالشکور نے الزام عائد کیا کہ مسلم لیگ (ن) کے امیدوار سردار عمیر نعیم کی جانب سے اسلحے کی نمائش اور خوف و ہراس کی فضا قائم کی گئی، جس کے نتیجے میں یہ افسوسناک واقعہ پیش آیا۔ انہوں نے ذمہ داروں کی فوری گرفتاری اور شفاف تحقیقات کا مطالبہ کیا۔

دوسری جانب پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے بھی واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے الزام عائد کیا کہ ان کا کارکن ن لیگی امیدوار کی فائرنگ سے جاں بحق ہوا۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ اگر پہلے سامنے آنے والی مبینہ فائرنگ کی ویڈیوز پر بروقت کارروائی کی جاتی تو شاید یہ واقعہ پیش نہ آتا۔

پیپلز پارٹی کی نائب صدر شیری رحمان نے بھی واقعے کی مذمت کرتے ہوئے نکیال اور دیگر حلقوں میں انتخابی بے ضابطگیوں کی تحقیقات، اضافی سیکیورٹی اور بعض پولنگ اسٹیشنز پر ری پولنگ کا مطالبہ کیا۔

ادھر الیکشن کمیشن اور ضلعی انتظامیہ کی جانب سے واقعے کی تحقیقات جاری ہیں، جبکہ انتخابی عمل مکمل ہونے کے بعد مختلف حلقوں سے ووٹوں کی گنتی جاری ہے۔

غیرحتمی اور غیرسرکاری نتائج کے مطابق ایل اے-3 میرپور میں 161 میں سے 125 پولنگ اسٹیشنز کے نتائج سامنے آ چکے ہیں، جہاں مسلم لیگ (ن) کے چوہدری محمد سعید 8,812 ووٹ لے کر آگے ہیں جبکہ پاکستان پیپلز پارٹی کے چوہدری یاسر سلطان 8,500 ووٹ کے ساتھ دوسرے نمبر پر موجود ہیں۔

انتخابی نتائج کا سلسلہ جاری ہے جبکہ الیکشن کمیشن کی جانب سے حتمی اور سرکاری نتائج بعد ازاں جاری کیے جائیں گے۔