ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے کہا ہے کہ ایران کے سپریم لیڈر مجتبیٰ خامنہ ای مکمل طور پر صحت مند ہیں اور ملکی معاملات کے حوالے سے رہنمائی کر رہے ہیں۔
امریکی میڈیا کو دیے گئے ایک انٹرویو میں پزشکیان نے بتایا کہ ان کی تقریباً ایک ماہ قبل مجتبیٰ خامنہ ای سے بالمشافہ ملاقات ہوئی تھی، جو کئی گھنٹوں تک جاری رہی۔ انہوں نے کہا کہ سپریم لیڈر ’’مکمل طور پر‘‘ صحت مند ہیں اور رہنمائی فراہم کر رہے ہیں۔
ایرانی صدر نے جنگ کے حوالے سے کہا کہ ایران جنگ کا خواہاں نہیں اور اس کے مطابق جنگ ایران پر مسلط کی گئی۔ ان کا کہنا تھا کہ ایران مذاکرات اور معاہدے کے ذریعے تنازع ختم کرنے کے لیے تیار ہے، تاہم حملے کی صورت میں اپنے دفاع کا حق استعمال کرے گا۔
پزشکیان نے مزید کہا کہ ایران جوہری ہتھیار حاصل کرنے کا ارادہ نہیں رکھتا اور جوہری معاملے پر بین الاقوامی قانون اور جوہری عدم پھیلاؤ کے معاہدے کے تحت آگے بڑھنے کے لیے تیار ہے۔






