پنجاب کی سینئر وزیر مریم اورنگزیب نے خیبرپختونخوا کے وزیراعلیٰ سہیل آفریدی پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ اپنے عہدے اور آفس کی بے توقیری اور تضحیک کروا رہے ہیں۔

اپنے بیان میں مریم اورنگزیب نے پی ٹی آئی کے 27 ستمبر کے لانگ مارچ کے تناظر میں سخت ردِعمل دیا۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ ماضی میں پولیس پر حملوں اور تشدد میں ملوث عناصر ایک بار پھر ریاست کی جانب بڑھ رہے ہیں۔

مریم اورنگزیب نے کہا کہ کسی بھی ملک میں ریاست کی جانب جتھے لے کر حملہ آور ہونے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔ انہوں نے پی ٹی آئی کے لیے سخت الفاظ استعمال کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ یہ عناصر ایک بار پھر پاکستان کے خلاف کارروائی کی تیاری کر رہے ہیں۔

پنجاب کی سینئر وزیر نے مزید کہا کہ 27 ستمبر کو 2014ء جیسا دھرنا اور 9 مئی جیسے واقعات نہیں ہونے دیے جائیں گے۔ یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب پی ٹی آئی کی جانب سے 27 ستمبر کے احتجاج اور لانگ مارچ کی بات کی جا رہی ہے۔