وفاقی حکومت نے راولپنڈی میں سیکیورٹی کے حساس فرائض کے لیے پاک فوج کی 3 کمپنیوں کو چھ ماہ کے لیے تعینات کرنے کی منظوری دے دی ہے۔

ذرائع کے مطابق پنجاب ہوم ڈیپارٹمنٹ کی درخواست پر وزارتِ داخلہ نے 21 اگست کو فوج کی تعیناتی کا باقاعدہ حکم جاری کیا۔ فوجی دستے شہر میں حساس سیکیورٹی ذمہ داریاں انجام دیں گے اور کسی بھی غیر متوقع سیکیورٹی صورتحال سے نمٹنے میں سول انتظامیہ کی معاونت کریں گے۔

حکم نامے کے مطابق فوج کی تعیناتی آئین کے آرٹیکل 245 کے تحت کی گئی ہے، جس کے تحت مسلح افواج ضرورت پڑنے پر سول انتظامیہ کی مدد کر سکتی ہیں۔

تعینات فوجی اہلکار ضلعی انتظامیہ کی ضروریات کے مطابق اپنے فرائض انجام دیں گے۔ حکومت نے تعیناتی کا اطلاق فوری طور پر کیا ہے، تاہم حکم نامے میں فوجی دستوں کی مخصوص تعیناتی کے مقامات یا کسی مخصوص خطرے کی تفصیلات بیان نہیں کی گئیں۔

یہ تعیناتی چھ ماہ تک جاری رہے گی اور اس دوران راولپنڈی کی سول انتظامیہ ضرورت کے مطابق فوجی اہلکاروں کی معاونت حاصل کرسکے گی۔