شنگھائی تعاون تنظیم (SCO) کی وزرائے خارجہ کونسل کے اجلاس کے موقع پر نائب وزیرِاعظم اور وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار نے تاجکستان کے وزیرِ خارجہ سراج الدین مہرالدین سے ملاقات کی، جس میں دوطرفہ تعلقات، علاقائی امن اور مختلف شعبوں میں تعاون کے فروغ پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔

دفتر خارجہ کے ترجمان کے مطابق ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور تاجکستان کے درمیان دیرینہ، برادرانہ اور قریبی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔

دونوں وزرائے خارجہ نے تجارت، سرمایہ کاری، توانائی، علاقائی روابط، ثقافتی تبادلوں اور عوامی سطح پر روابط کو مزید فروغ دینے پر اتفاق کیا اور اس مقصد کے لیے عملی اقدامات تیز کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔

ملاقات کے دوران دوطرفہ شراکت داری کو مزید مستحکم بنانے کے لیے اعلیٰ سطح کے رابطوں کو جاری رکھنے اور مختلف شعبوں میں باقاعدہ تعاون بڑھانے پر بھی اتفاق کیا گیا۔

ترجمان کے مطابق تاجک وزیرِ خارجہ نے علاقائی امن و استحکام کے لیے پاکستان کی کوششوں کی حمایت کا اعادہ کرتے ہوئے خطے کے مسائل کے پُرامن حل کے لیے پاکستان کے کردار کو سراہا۔

اسحاق ڈار اور سراج الدین مہرالدین نے علاقائی اور عالمی صورتحال پر بھی تبادلۂ خیال کیا اور اس بات پر زور دیا کہ امن، استحکام اور مشترکہ خوشحالی کے فروغ کے لیے شنگھائی تعاون تنظیم سمیت کثیرالجہتی فورمز پر دونوں ممالک کے درمیان قریبی تعاون جاری رکھا جائے گا۔