نیویارک کے میئر ظہران ممدانی نے کہا ہے کہ وہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے ملاقات کے لیے ہر وقت تیار ہیں، اگر اس سے نیویارک کے شہریوں کو فائدہ پہنچ سکتا ہو۔
CNN کو انٹرویو دیتے ہوئے ظہران ممدانی نے کہا کہ سیاسی اختلافات کے باوجود عوامی مفاد کے لیے ایک دوسرے سے بات کرنا ضروری ہے۔ ان کے مطابق اگر وہ صرف ان لوگوں سے بات کریں جو ہر معاملے پر ان سے متفق ہوں تو وہ گھر بیٹھ کر آئینے سے بات کر رہے ہوں گے۔
ممدانی اور ٹرمپ کے درمیان ماضی میں ایک دوسرے پر سخت سیاسی تنقید بھی سامنے آتی رہی ہے، تاہم دونوں کی بالمشافہ ملاقاتوں میں نسبتاً دوستانہ انداز دیکھنے میں آیا ہے۔ 21 ستمبر کو دونوں کی تیسری بالمشافہ ملاقات نیویارک کے گریسی مینشن میں ہوئی، جہاں نیویارک میں رہائش، شہری سہولیات اور اخراجات کم کرنے سمیت مختلف معاملات پر گفتگو ہوئی۔
ممدانی نے ٹرمپ کی جانب سے بعض میڈیا اداروں پر پابندی کے اقدام سے بھی اختلاف کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ اختلافات کے باوجود وہ نیویارک کے شہریوں کے مفاد میں وفاقی حکومت کے ساتھ کام کرنے کیلئے بات چیت جاری رکھیں گے۔






