ہنگو: خیبر پختونخوا کے ضلع ہنگو میں واقع خزینہ چیک پوسٹ پر دہشت گردوں کے حملے کے بعد پولیس نے بھرپور جوابی کارروائی کرتے ہوئے آپریشن کیا، جس کے دوران پولیس کے مطابق 8 مبینہ دہشت گرد ہلاک جبکہ 6 زخمی ہوئے۔

ریجنل پولیس آفیسر (آر پی او) کوہاٹ عرفان طارق کے مطابق آپریشن کی قیادت فرنٹ لائن پر کرتے ہوئے ڈی ایس پی دیار خان جامِ شہادت نوش کر گئے۔ کارروائی کے دوران ڈی ایس پی مجاہد حسین سمیت 23 پولیس اہلکار زخمی ہوئے۔

پولیس کے مطابق خزینہ چیک پوسٹ پر ابتدائی حملے میں مزید 5 اہلکار زخمی ہوئے، جس کے بعد زخمی پولیس اہلکاروں کی مجموعی تعداد 28 ہو گئی۔

حکام کا کہنا ہے کہ پولیس اہلکاروں نے بہادری اور پیشہ ورانہ مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے دہشت گردوں کے حملے کو ناکام بنایا اور اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔

آر پی او عرفان طارق نے پولیس جوانوں کی جرات کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ انہیں اپنے اہلکاروں کی بہادری پر فخر ہے۔

پولیس نے بعد ازاں تصدیق کی کہ ڈی ایس پی دیار خان کے علاوہ دو مزید پولیس اہلکار بھی شہید ہوئے ہیں۔ تاہم شہداء کی مجموعی تعداد سے متعلق مختلف اطلاعات سامنے آنے کے باعث حکام کی جانب سے مزید سرکاری وضاحت کا انتظار ہے۔