وفاقی وزیر برائے موسمیاتی تبدیلی ڈاکٹر مصدق ملک نے وزیراعظم کی ہدایات پر نیشنل انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ (NITB) کے امور کا جائزہ لینے اور آڈٹ کے لیے قائم کمیٹی کے پہلے اجلاس کی صدارت کی۔

اجلاس میں وفاقی وزیر آئی ٹی و ٹیلی کمیونیکیشن شزہ فاطمہ خواجہ، سیکریٹری اسٹیبلشمنٹ، چیف ایگزیکٹو آفیسر این آئی ٹی بی اور دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔

کمیٹی کو این آئی ٹی بی کی کارکردگی، ادارہ جاتی امور اور آپریشنل نظام سے متعلق بریفنگ دی گئی، جبکہ وزیراعظم کی جانب سے جاری 27 ہدایات پر عملدرآمد کی پیش رفت سے بھی آگاہ کیا گیا۔

اجلاس میں این آئی ٹی بی کی استعدادِ کار بڑھانے، ادارے کی کارکردگی مزید مؤثر بنانے اور آپریشنل نظام کو بہتر بنانے کے مختلف اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔ اس موقع پر مستقبل کے لائحہ عمل اور ادارے کی بہتری کے لیے مزید تجاویز پر بھی غور کیا گیا۔

کمیٹی نے فیصلہ کیا کہ آئندہ چند روز میں دوبارہ اجلاس منعقد کیا جائے گا، جس میں وزیراعظم کی ہدایات پر عملدرآمد کی مزید پیش رفت اور مستقبل کی حکمتِ عملی کا تفصیلی جائزہ لیا جائے گا۔